لکھنؤ،14فروری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)اتر پردیش اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں 11اضلاع کی 67سیٹوں کے لیے کل ووٹ پڑیں گے۔مغربی اتر پردیش کے مسلم اکثریتی سہارنپور، مرادآباد بجنور سنبھل رام پور بریلی امروہہ، پیلی بھیت، لکھیم پور کھیری شاہ جہاں پور اور بدایوں ضلع کی 67سیٹوں کے لیے ووٹنگ صبح سات بجے شروع ہوکر شام پانچ بجے تک چلے گی۔دوسرے مرحلے میں کل 720امیدوار میدان میں ہیں جن میں سے سب سے زیادہ 22امیدوار بجنور کی برہاپور اور سب سے کم چار امیدوار امروہہ کی دھنورا سیٹ پر قسمت آزما رہے ہیں۔اس مرحلے میں کل 2.28کروڑ لوگ ووٹ دے سکتے ہیں،ان میں سے 1.04کروڑ خواتین ہیں،ووٹنگ کے لیے 14ہزار 771مراکز اور 23ہزار 693پولنگ مقامات بنائے گئے ہیں۔انتخابات کو آزادانہ اور منصفانہ طریقے سے کرانے کیلئے کافی فورس تعینات کی گئی ہے۔اس مرحلے میں جن اہم امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ ہونا ہے اس میں ایس پی حکومت کے سینئر وزیر اعظم خاں (رام پور)اور پہلی بار انتخاب لڑرہے ان کے بیٹے عبداللہ اعظم(سوار)کانگریس کے سینئر لیڈر ظفر علی نقوی کے بیٹے سیف علی نقوی، مرکزی وزیر جتن پرساد(تلہر)اور بی جے پی قانون ساز پارٹی(شاہ جہاں پور) شہر کے لیڈر سریش کھنہ اور امروہہ سے وزیر محبوب علی شامل ہیں۔سال 2012کے اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں ایس پی کو 67میں سے 34سیٹیں ملی تھیں جبکہ دوسرے نمبر رہی بی ایس پی کو 18، بی جے پی کو 10، کانگریس کو تین اور دیگر کو دو سیٹیں ملی تھیں۔